مرکزالمعارف کی طرف سے آن لائن قلیل مدتی انگریزی کورس اور ایڈوانسڈ انگلش کنورسیشن کورس کا ایک مرتبہ پھر آغاز

مرکزالمعارف کی طرف سے آن لائن قلیل مدتی انگریزی کورس اور ایڈوانسڈ انگلش کنورسیشن کورس کا ایک مرتبہ پھر آغاز

 

ان کورسز میں داخلہ کے لئے اب علماء، حفاظ وائمہ کرام کی قید نہیں ہے، پندرہ سال سے زائدعمر کے کوئی بھی خواہشمند اپنے پسندیدہ کورس میں شامل ہوسکتے ہیں

 

معاذ مدثر قاسمی

مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر ممبئی ، علماء ومفتیان کرام کو انگریزی زبان وادب کی تعلیم دینے کے حوالے سے ملک و بیرون ملک میں اپنا ایک امتیازی مقام رکھتاہے۔ گزشتہ پچیس سالوں میں سیکڑوں علماء کرام ومفتیان عظام مرکز المعارف سے تعلیم حاصل کرکے ہندوستان ہی نہیں بلکہ خلیجی ممالک کے علاوہ یورپ وامریکہ میں بھی مختلف پلیٹ فارم سے گراں قدرخدمات انجام دے رہے ہیں۔

گزشتہ سال پورے ملک میں کروناوائرس کی وجہ سے جب تمام تعلیمی ادارے، مساجد ومکاتب مکمل طور پربند کردیے گئے، تو اس موقع پر ادارے نے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے علماء، حفاظ وائمہ کرام کے لئے آن لائن قلیل مدتی کورس کا باضابطہ آغاز کیا،  تاکہ وہ حضرات جوانگریزی زبان وادب سیکھنے کی دیرینہ خواہش رکھنے کے باوجود بہترمواقع نہ ہونے یاتنگی وقت کی وجہ سے اب تک یہ زبان سیکھ نہیں پائے تھے، اپنے مقام  پر رہتے ہوئے  اس کورس سے منسلک ہوکر بہت حد تک اپنی خواہش کی تکمیل کرلیں۔

الحمدللہ اس کورس کے اعلان کے آتے ہی  مدارس، مکاتب اور مساجد سےجڑے افرادنے ملک و بیرون ملک سے  بڑی تعداد میں اس کورس میں شرکت کی۔ ایک سال سے کم عرصہ میں چارسو سے زائد افراد نے اس کورس سے استفادہ کیا، اور انہیں یقیناخوب فائدہ ہواجس کا اندازہ ان حضرات کی طرف سے دیے گئے سیکڑوں تاثرات سے بخوبی ہوتاہے۔

تین ماہ کے اس مختصر کورس کی خاص اہمیت یہ ہے کہ اس میں انگریزی کے بنیادی قواعد کی تعلیم اور ان پر مشق، انگریزی الفاظ کے صحیح تلفظ پر خاص توجہ دیے جانے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کرام کلاس کے اوقات کے علاوہ بھی  طلبہ کے ہوم ورک پرخاص توجہ دینااوران کاہرطرح سے تعاون اپنا فریضہ سمجھ کر پیش کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس مختصر سے وقت میں حیرت انگیز طور پر انگریزی زبان سے کافی حد تک واقفیت ہوجاتی ہے۔

سیلک کورس کے مستفیدین کے بڑھتے اصرار کو مدنظر رکھتے ہوئے گزشتہ سال ایڈوانسڈ انگلش کنورزیشن کورس کا بھی آغاز کیا گیا۔ یہ کورس بھی کافی اہمیت کا حامل ہے۔ اس میں انگریزی کےاہم قواعد اورادائیگی حروف کے اصول سکھائے جانےکے  علاوہ مختلف شعبہ جات میں کی جانے والی پروفیشنل گفتگو کی مشق بھی کرائی جاتی ہے۔ یہ بجاطورپرکہا جا سکتاہے کہ اگر کوئی ان دونوں کورس کو صحیح طور پر کرلے تو وہ کسی بھی میدان میں اپنے مافی الضمیر کو انگلش زبان میں بحسن خوبی اداکرسکتاہے۔

سال رواں رمضان المبارک سے قبل ان دونوں کورس کو مختصر وقت کے لیے موقوف کیاگیاتھا، تاکہ کورس کی کتابوں پر تجربات کی بنیاد پر نظرثانی ثانی کی جا سکے، اب جبکہ ان دونوں کورس کی الگ الگ کتابیں اردونوٹس اور اردوالفاظ ومعانی کے اضافے کے ساتھ منظرعام پر آگئی ہیں تو  اب اس سلسلے کا ایک مرتبہ پھر اسی جوش و جذبے کے ساتھ دوبارہ آغاز کیاجارہاہے۔

 ان دونوں کتابوں کو مرکزالمعارف کی زیر نگرانی کیے جانے والے کورسز کے علاوہ ہندوستان میں مدارس اسلامیہ کے انگریزی نصاب تعلیم کی ضرورت کو پوری کرنے کے مقصد سے بھی طلباء و اساتذہ کے لئے یکساں مفید بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

ان کورسز میں داخلہ کے لئے اب علماء، حفاظ وائمہ کرام کی قید نہیں ہے، پندرہ سال سے زائدعمر کے کوئی بھی خواہشمند اپنے پسندیدہ کورس میں شامل ہوسکتے ہیں، البتہ ایڈوانسڈ کورس کے لئے بنیادی انگریزی کا علم ہونا ضروری ہے. ان دونوں کورس میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5/ اکتوبر، 2021 ہے اور انشاءاللہ 9/اکتوبر سےکلاس کا باضابطہ آغاز ہوجائےگا۔

خواہشمند حضرات رجسٹریشن کی آخری تاریخ سے قبل درج ذیل نمبرات پررابطہ کرکےاپنا نام اندراج یا اس سلسلے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

مفتی جسیم الدین قاسمی : 9920026253

مولانا جمیل احمد قاسمی : 9702805392