'امرت کال' پر اسلم حسن کے نغمے کی دھوم
ایسٹرن کریسنٹ نیوز ڈیسک
ارریہ: (عبدالغنی)ہندوستان کی رنگا رنگ تہذیب و ثقافت اور اس کے تنوع پر انڈین ریونیو سروس کے 2005 بیچ کے افسر اور اس وقت جی ایس ٹی پٹنہ (رانچی زون ) میں ایڈیشنل کمشنر کے عہدے پر فائز اسلم حسن نے ایک گیت لکھا ہے جس میں امرت کال کے مناسبت سے مختلف چیزوں پر اظہار خیال کیا گیا ہے اس نغمہ کو مشہور پلے بیک سنگر ادت نارائن نے اپنی آواز دی ہے جبکہ موسیقی پشکر مشرا کی ہے۔ حسن اتفاق ہے کہ اس گیت کے تخلیق کار اور گلوکار دونوں کا تعلق بہار سے ہے۔ اسلم حسن، جو ضلع کے کملداہا گاؤں کے ہیں اور اپنی ادبی صلاحیت و تخلیقی ہنرمندی کے سبب ادبی دنیا میں معروف ہیں۔ بطور خاص ہندی ادب میں ان کی ایک خاص شناخت ہے۔ ان کے والد مرحوم زبیر الحسن غافل کا شمار بھی اردو کے نامور شاعروں میں ہوتا ہے، وہ پیشے کے اعتبار سے جج تھے۔
انقلاب سے بات کرتے ہوئے آئی آر ایس افسر اسلم حسن نے کہا کہ آزادی کے امرت مہوتسو کال پر گیت لکھنے کا مقصد عام لوگوں کو آزادی کے امرت کال کی اہمیت کا احساس دلاتے ہوئے اسے منانا ہےانہوں نے کہاکہ پٹنہ کے جی ایس ٹی رانچی زون کے چیف کمشنر موہا پاترا نے اس امرت نغمہ کی تعریف کی ہے۔ اسلم حسن نے امرت کال پر لکھے اپنے گیت کے چند سطور پڑھتے ہوئے کہاکہ :کن کن پاون دیش کی دھرتی/اندر دھنشی امبر ہے/بھارت کتنا سندر ہے/ہرے بھرے ہیں کھیت یہ سارے/بھولے بھالے گاؤں ہمارے/کل کل بہتی ندیاں پیاری/ماٹی اپنی ارور ہے/بچوں کو سنسکار سکھاتی نانی کی کی کہانی/تیاگ،تپسیا، سنیم اپنی تو یہی نشانی ہے۔
اسلم حسن کی یہ پہلی تخلیق نہیں ہے۔ اپنے نغمہ کے ذریعہ جی ایس ٹی کو مقبول بنانے کا سہرا بھی اسلم حسن کو جاتا ہے۔ جی ایس ٹی کے آغاز کے آغاز کے وقت انہوں نے "ایک ملک، ایک ٹیکس اور ایک بازار، نئے ہندوستان کا جی ایس ٹی آدھار ہے" نغمہ لکھا تھا جس نے عام لوگوں کی توجہ کی مبذول کی ہے ان کی تحریر کردہ نغمہ اب جی ایس ٹی ترانہ بن گیا ہے۔ جی ایس ٹی کے اس نغمہ کو مشہور گلوکار جوبین نوٹیال اور امرتا فڑنویس نے گایا ہے۔ اسلم حسن نے امرت کال پر نغمہ لکھ اپنے ساتھ ضلع کا نام بھی روشن کیا ہے ان کی اس تخلیق پر ضلع کے ادبی حلقہ میں مسرت کی لہر ہے اور نغمہ کو ضلع کے ادبی ورثہ میں اضافہ بتایا جارہا ہے۔سوشیو لٹریری سوسائٹی انجمن کے سکریٹری معروف شاعر رضی احمد تنہا نے انقلاب سے بتایاکہ: اسلم حسن کا نغمہ حب الوطنی کے جذبات سے لبریز ہے جو ملک کے تہذیب و تمدن کا عکاس ہے انہوں نے کہاکہ یہ ضلع کے لئے فخر کی بات ہے کہ اسلم کی تخلیقات جی ایس ٹی کا ترانہ ہے اور اب امرت کال پہ ان کا نغمہ بھی نشر ہوا ہے۔
Note: