اپنے اندر کسی بھی فن میں کمال پیدا کریں، دنیاہاتھوں ہاتھ لےگی: مفتی محمد اسماعیل مالیگاؤں
مرکزالمعارف میں فضلاء مدارس کے مابین انگریزی زبان میں تقریری مسابقہ کے اختتام پر علماء و دانشوران کا اظہار خیال
7/فروری 2023-ممبئی:
علماء کو انگریزی زبان کی تعلیم دینے کے حوالے سے ملک میں اپنی منفرد شناخت رکھنے والا ادارہ مر کز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر (ایم ایم ای آر سی) ممبئی میں انگریزی زبان وادب کی تعلیم حاصل کررہے فضلاء مدارس کے درمیان 5/ فروری 2023 بروز اتوار انگریزی زبان میں سال کا تیسرا اور آخری تقری مسابقہ انتہائی تزک واحتشام کے ساتھ منعقد کیا گیا جس میں فائنل راؤنڈ کےلئے منتخب ہونے والے کل آٹھ طلبہ (خان محمد مذکر، محمد حمزہ ، محمد توقیر ، نجم الہدیٰ ، محمد الیاس ، شیخ ابو جعفر ، محمد شمشاد اور محمد سفیان ) نے سیرت اور ویلنٹائن ڈے جیسے اہم سماجی ایشوز پر انگریزی زبان میں تقاریر پیش کرکے اپنی کارکردگی کا بھرپورمظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ مرکز المعارف اور اس سے ملحق ہندوستان میں پھیلے تمام اداروں میں دوسالہ انگلش ڈپلومہ کورس کررہے فضلاء مدارس کے مابین سال میں تین تقریری مسابقے منعقد کیے جاتےہیں تاکہ تقریر و خطابت کے بہترین فن سے مزین ہوکر وہ عملی میدان میں قوم وملت کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے سکیں۔ اس موقع پر ہندوستان کے ممتاز عالم دین مولانااسماعیل مالیگاؤ ں (رکن اسمبلی مہاراشٹرو رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند)،جناب محمد سراج الدین اجمل(ایم اے آسام) مولاناعبدالرحمن اجمل (سابق ایم ایل اے آسام ) اور مولاناانوار الرحمن قاسمی (رکن شوری ٰ دارالعلوم دیوبند) وغیرہ نے بطورمہمان خصوصی شرکت کرکے پروگرام کو زینت بخشی۔ جج کے فرائض جناب مولانا محمدبرہان الدین قاسمی ، پروفیسرمحمد عارف انصاری اور جناب انجینئراکبر میمن انجام دیا۔
مہمان خصوصی مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے مرکزالمعارف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس ادارے کے فارغین پر ہمیں فخر ہے ، یہاں کے فارغین دنیابھر میں مختلف یونیورسٹیوں سمیت متعدد مقاما ت پر مختلف دینی وعلمی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے مزید فرمایاکہ آپ اپنے اندر کمال پیداکرنے کی کوشش کریں، کسی بھی فن میں کمال پیدا کریں ، دنیاآپ کو ہاتھوں ہاتھ لےگی۔ جناب محمد سراج الدین اجمل اور مولانا انوارالرحمٰن قاسمی نے اپنے مختصر خطاب میں ادارے اور طلبہ کی کارکردگی پر خوشی اور اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور قیمتی مشوروں سےبھی نوازا۔
پروگرام کے جج جناب اکبر میمن نے اپنا تبصرہ پیش کرتے ہوئے طلبہ کے ذریعہ منتخب کردہ موضوعات کوسراہا۔ اسی کے ساتھ چند اہم نکات کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ آج انٹر نیٹ میں کسی موضوع پر مواد کی کمی نہیں ہے، لیکن لوگ سنتے انہی کوہیں جنکی تقریریا ویڈیو کے شروع کے کچھ سیکنڈ بہت ہی دلچسپ اور اچھوتے ہوتے ہیں سننے اور دیکھنے والوں کی توجہات حاصل کرتے ہیں۔ اس لئے آپ بھی اس بات کوذہن میں رکھ کراپنی تقاریر کی تیاری کریں ۔ پروفیسرمحمد عارف انصاری نے طلبہ کو زبان وبیان کے تعلق سے عمدہ مشورے دیتے ہوئے کہا کہ تقریر کے دوران جملوں کے درمیان مناسب وقفے، جملوں کی واضح ادائیگی اورآواز میں اتار چڑھاؤ کی بڑی اہمیت ہے اس لئے ان باتوں کو ہمیشہ ملحوظ رکھیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے نتائج کا اعلان بھی کیا جس میں خان محمد مذکر، نجم الہدیٰ اور محمد توقیر باالترتیب اول دوم سوم پوزیشن کے مستحق قرار پائے۔
خان محمد مذکر (اول پوزیشن)
نجم الہدیٰ (دوم پوزیشن)
محمد توقیر(سوم پوزیشن)
مرکزالمعارف کے برانچ انچارج مولانا عتیق الرحمٰن قاسمی کی صدارت میں پروگرام کا باضابطہ آغاز محمد پالنپوری کی تلاو ت کلام پاک اور محمد جہانگیر کی نعت پاک سے ہوا۔ پروگرام کے نظامت کی ذمہ اری مولانا معاذ مدثرقاسمی نے اداکی جبکہمفتی جسیم الدین قاسمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ مرکزالمعارف کے استاذ مولانا اسلم جاوید قاسمی، مولانا محمد شاہد قاسمی اور مولانا وسیم اکرم قاسمی نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں ہرطرح کا تعاون پیش کیا۔ پروگرام کااختتام مفتی محمد اسماعیل قاسمی کی دعا پر ہوا۔
Note: